نئی دہلی،3اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے 2002میں ہوئے نتیش کٹارا کے اغوا اور قتل کے معاملے میں وکاس یادو اور اس کے چچا زاد بھائی وشال یادو کو آج 25-25سال کی قید کی سزا سنائی۔جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس سی ناگپپن کی بنچ نے اس سنسنی خیز جرم میں تیسرے ملزم سکھدیو پہلوان کو 20سال کی قید کی سزا سنائی ہے۔بنچ نے دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو بہتر بنا دیا جس میں وکاس اور وشال یادو کو قتل کے جرم میں 25سال اور ثبوت کو تباہ کرنے کے جرم میں پانچ سال قید کی سزا سناتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یہ مسلسل چلے گا۔عدالت عظمی نے کہا کہ دونوں سزائیں ایک ساتھ چلیں گی اور ایک طرح سے اس معاملے میں یادو برادران کو 25سال کی قید کی سزا ہوئی ہے۔اسی طرح سکھدیو پہلوان کو ہائی کورٹ نے 25سال کی سزا سنائی تھی لیکن اب اسے 20سال قید کی سزا ہی بھگتنی ہوگی۔عدالت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وکاس اور وشال یادو کی اپیل پر یہ فیصلہ سنایا۔ہائی کورٹ نے دونوں کی عمر قید کی سزا بغیر کسی رعایت کے بڑھاکر 25 -25 سال کر دی تھی،اس کے علاوہ دونوں کو اس معاملے میں ثبوت تباہ کرنے کے جرم میں پانچ پانچ سال کی اضافی سزا سنائی گئی۔اسی طرح یادو برادران کے ہی تیسرے ساتھی سکھ دیو پہلوان کو بغیر کسی رعایت کے 25سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ یہ جرم خطرناک سے بھی سخت کے زمرے میں آتا ہے لیکن عدالت نے انہیں پھانسی کے پھندے سے یہ کہتے ہوئے بچا دیا تھا کہ ان کے سدھرنے اور بحالی کے امکانات سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔عدالت عظمی نے 17اگست، 2015کو وکاس، وشال اور سکھدیو پہلوان کو مجرم قرار دینے کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس ملک میں صرف مجرم ہی انصاف کیلئے فریاد لگا رہے ہیں۔
اس سے پہلے، ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ وکاس کی بہن سے محبت کرنے والے نتیش کٹارا کا قتل جھوٹی شان کے لیے کیاگیاتھا اور اس واردات کو بہت ہی منصوبہ بند طریقے سے انجام دیا گیا تھا۔عدالت نے وکاس اور وشال پر لگائے گئے جرمانے کی رقم بھی بڑھاکر 54-54لاکھ روپے کر دی تھی۔نتیش کٹارا قتل میں 39سالہ وکاس، 37سالہ وشال اور 40سالہ سالہ سکھ دیو پہلوان کو نچلی عدالت نے مئی، 2008میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔وکاس، وشالا اور سکھ دیو نے نتیش کٹارا کو 16-17فروری، 2002کی رات میں قتل کر دیا تھا کیونکہ وہ اتر پردیش کے لیڈر ڈی پی یادو کی بیٹی بھارتی کے ساتھ اس کی محبت کے خلاف تھے۔ہائی کورٹ نے دو اپریل، 2014کو اپنے فیصلے میں نچلی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔